پاکستانی خبریں

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا اوورسیز کنونشن سے ولولہ انگیز خطاب: پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ہال گونج اٹھا

خلیج اردو
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کے خطاب کے دوران ہال پاکستان زندہ باد اور پاکستان کا مطلب کیا کے نعروں سے گونجتا رہا۔

آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں کو محض سفیر نہیں بلکہ اقوام عالم میں پاکستان کی روشنی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ برین ڈرین کا بیانیہ درست نہیں، بلکہ یہ دراصل برین گین ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے فتنہ الخوارج، بلوچستان میں جاری دہشت گردی، سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال، مسئلہ کشمیر اور غزہ پر دوٹوک اور بے لاگ گفتگو کی۔ انہوں نے زور دیا کہ نئی نسل کو دو قومی نظریہ اور پاکستان کی کہانی بتانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جب تک غیور قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی اداروں میں بغاوت کو ہوا دینے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔

آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتے۔ بلوچستان کو پاکستان کی تقدیر اور ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں کام کرنے والی ریاست کو ہارڈ سٹیٹ کہا جاتا ہے اور پاکستانی قوم اپنے شہداء کو عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا جبکہ پاکستانی قوم کا دل ہمیشہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنے کا پیغام دیا اور کہا کہ ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button