پاکستانی خبریں

بھارتی جارحیت اور پروپیگنڈا بے نقاب، ڈی ڈبلیو نے بھارتی فیک نیوز کا پول کھول دیا

خلیج اردو
اسلام آباد: بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری گمراہ کن پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہو گیا۔ عالمی نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور دعووں کو فیکٹ چیک کے ذریعے جھوٹا اور گمراہ کن ثابت کر دیا۔

ڈی ڈبلیو کے مطابق چند روز قبل بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے سیالکوٹ پر حملے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے پاکستان پر بڑا حملہ کیا ہے۔ ڈی ڈبلیو نے فیکٹ چیک میں واضح کیا کہ یہ ویڈیو اصل میں ایک ماہ پرانی ہے اور یہ ویڈیو ممبئی میں گیس سلنڈر دھماکے کی تھی، جسے غلط طریقے سے سیالکوٹ پر حملے کے طور پر پیش کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی بھی ایک فیک ویڈیو شیئر کی گئی، جسے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایڈیٹ کیا گیا اور ان کے اصل بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ڈی ڈبلیو نے مزید انکشاف کیا کہ بھارتی اکاؤنٹس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایسی ویڈیوز بھی گردش میں لائی گئیں، جن میں انہیں بھارتی جارحیت کی حمایت کرتے دکھایا گیا، تاہم فیکٹ چیک کے مطابق یہ ویڈیو بھی جعلی تھی اور اے آئی سے بنائی گئی تھی۔ امریکی صدر نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ڈی ڈبلیو نے خبردار کیا کہ اس قسم کی جعلی ویڈیوز لوگوں کو اشتعال دلا سکتی ہیں اور ان کو شیئر کرنے سے پہلے فیکٹ چیک لازمی کیا جانا چاہئے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ حقائق کو چھپانے اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں پیش پیش رہا ہے، تاہم اب بین الاقوامی میڈیا بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کر رہا ہے، جس سے بھارت کا اصل اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button