
خلیج اردو
دبئی: عید الاضحیٰ، جو مسلمانوں کا قربانی کا عظیم تہوار ہے، قریب آ رہا ہے۔ یہ تہوار ذوالحجہ کی 10ویں تاریخ کو منایا جاتا ہے اور حج کے اختتام کی علامت ہے۔ چونکہ اسلامی تقویم قمری نظام پر مبنی ہے، اس لیے عید سمیت دیگر اسلامی ایام کا انحصار چاند کی رویت پر ہوتا ہے۔
امارات فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین اور عرب یونین برائے فلکیات و خلائی سائنسز کے رکن، ابراہیم الجروان نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر ممکنہ تاریخوں کی پیش گوئی کی ہے۔ انہوں نے عربی اخبار الامارات الیوم سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ذوالحجہ کا پہلا دن بدھ، 28 مئی 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔
اس حساب سے، جمعہ، 6 جون 2025 کو عید الاضحیٰ منائے جانے کا امکان ہے۔
الجروان کے مطابق، ذوالحجہ کا نیا چاند منگل، 27 مئی کو صبح 7 بج کر 2 منٹ پر پیدا ہوگا۔ غروب آفتاب کے وقت چاند افق پر موجود ہوگا اور تقریباً 38 منٹ تک نظر آئے گا، جس سے اس کی رویت ممکن ہو جائے گی۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی تہواروں کی سرکاری توثیق صرف متعلقہ شرعی و سرکاری ادارے ہی کرتے ہیں اور یہ اسلامی اصولوں کے مطابق ہوتی ہے۔






