
خلیج اردو
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی۔
سماعت کے دوران ممبر خیبر پختونخوا نے سوال اٹھایا کہ سلمان اکرم راجا کا نام آ رہا ہے، وہ پارٹی میں کیا حیثیت رکھتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات متنازع ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ وہ صرف اندرونی انتظامی معاملات چلا رہے ہیں اور جب الیکشن کمیشن سرٹیفکیٹ جاری کرے گا تو معاملہ حل ہو جائے گا۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے ہائی کورٹ سے حکم امتناع ختم کرائیں۔ تاہم، بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ اس کیس کی کارروائی پر کوئی حکم امتناع نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نے مزید کہا کہ یہ کیس کوئی ٹرائل نہیں کہ فیصلہ محفوظ کر کے عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے، اور جو دستاویزات پی ٹی آئی نے جمع کرائی ہیں، وہ بھی مکمل نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔







