
خلیج اردو
لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور بیٹر سعود شکیل کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ محمد رضوان کو کپتان اور سلمان علی آغا کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم، عبداللہ شفیق، عاکف جاوید، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
حیران کن طور پر عثمان خان، کامران غلام اور محمد حسنین کو چیمپئنز ٹرافی کھلائے بغیر ہی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا جبکہ طیب طاہر، جنہوں نے دو میچوں میں صرف پانچ رنز بنائے، بدستور ٹیم کا حصہ ہیں۔ فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی وجوہات کی بنیاد پر کسی بھی فارمیٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد رضوان سے نہ صرف کپتانی واپس لے لی گئی بلکہ وہ ٹیم سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ بابر اعظم اور نسیم شاہ کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد، ابرار احمد، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد حارث، عرفان خان، عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔







