
خلیج اردو
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف عبرت ناک جوابی کارروائی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بھارتی جارحیت اور بزدلی کا دن کی روشنی میں دیا گیا جواب تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے پاک سرزمین کے سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا، "تم پر سلام ہو، تمہارے جذبے کو سلام ہو، اور تمہاری غیرت کو سلام ہو۔”
انہوں نے مزید کہا، "سلام ہے ان محافظوں کو، جنہوں نے صرف گولی سے نہیں بلکہ غیرت، حکمت اور شجاعت سے جواب دیا۔”
مریم نواز شریف نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کو صرف جوابی کارروائی نہیں بلکہ ایک تاریخی اعلان قرار دیا، کہ پاکستان کمزور نہیں بلکہ امن کے لیے خاموش تھا۔ "جب دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے صبر کو حکمت میں بدلا، اور کڑی ضرب دی۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر سپاہی مادرِ وطن کے تحفظ کی قسم کھا کر زندہ ہے اور امن کے خواہاں ضرور ہیں مگر جارحیت کا جواب خاموشی نہیں بلکہ ضرب ہوتا ہے۔ "پاکستان کی سرحدیں صرف خاردار تاروں سے ہی نہیں، شہیدوں کے لہو سے محفوظ ہیں۔”






