پاکستانی خبریں

وفاقی کابینہ نے وزراء، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی سمری منظور کرلی، جس کے تحت 1975 کے الاؤنس اور تنخواہوں کے ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔

نئی ترمیم کے بعد وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور وزیرِاعظم کے مشیر کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہو جائے گی۔ اس سے قبل وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ روپے اور وزیر مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار روپے تھی۔ اس فیصلے کے تحت وفاقی وزیر کی تنخواہ میں 159 فیصد اور وزیر مملکت و مشیر کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی جانب سے منظور کی گئی ترمیم کے تحت وزراء کو گاڑی، دفتر، رہائش اور دیگر سہولیات بدستور فراہم کی جائیں گی، جو ان کی تنخواہ کے علاوہ ہوں گی۔ تنخواہوں میں اس اضافے کے بعد وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداروں کو ملنے والی مراعات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

کابینہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 فروری کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کی سمری کو عوامی اور میڈیا کے ممکنہ ردِعمل سے بچنے کے لیے آخری وقت میں ایجنڈے سے نکال دیا گیا تھا۔ تاہم اب اس سمری کو سرکولیشن کے ذریعے منظور کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس فیصلے پر عوامی حلقوں اور مختلف شعبوں میں شدید ردِعمل کا امکان ہے، کیونکہ ملک میں معاشی بحران کے دوران حکومتی عہدیداروں کی تنخواہوں میں اتنا بڑا اضافہ تنقید کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button