
خلیج اردو
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، سرحد پار پناہ گاہوں سے سرگرم دہشتگردوں کو ملک کا امن خراب نہیں کرنے دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں کے ساتھ عید منائی اور نماز عید بھی ان کے ہمراہ ادا کی، اس موقع پر پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افسران اور جوانوں کا عزم ہی ملکی کامیابیوں کی بنیاد ہے۔
فیلڈ مارشل نے آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کامیابیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں اور ہر خطرے کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔






