
خلیج اردو
اسلام آباد – بھارتی فضائیہ کی حالیہ کارکردگی پر فرانسیسی میڈیا نے کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے "شرمناک” قرار دے دیا ہے۔ فرانسیسی اخبار کے مطابق، بھارتی فضائیہ جدید ترین رافیل طیاروں اور بھرپور اسرائیلی امداد کے باوجود کسی قسم کا عسکری فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔
فرانسیسی اخبار نے لکھا کہ بھارتی فضائیہ کی کارکردگی نہایت ناقص رہی، اور اسے توقع سے کہیں کم کامیابی حاصل ہوئی۔ بھارت کو ناقابل تردید شواہد کے بعد تین رافیل طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرنا پڑا، جبکہ پاکستان نے چھ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی جنگی تنازع میں فرانسیسی ساختہ جدید ترین رافیل طیارے تباہ ہوئے ہیں، اور اس واقعے کو فرانسیسی ذرائع ابلاغ نے بھارتی فضائیہ اور اس کے تربیتی نظام کی ناکامی قرار دیا ہے۔ اخبار کے مطابق، رافیل طیاروں کی تباہی نے نہ صرف بھارتی فضائیہ کو بدنام کیا بلکہ اس سے فرانس کی اسلحہ سازی کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے طاقت کا مظاہرہ کرنے کی ناکام کوشش کی، لیکن اس میں بری طرح منہ کی کھانی پڑی۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ ناکامی نہ صرف تکنیکی بلکہ عسکری منصوبہ بندی کے شدید فقدان کا نتیجہ ہے۔
فرانس کی جانب سے پاکستان کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک رافیل طیارے کی تباہی کو باضابطہ تسلیم کر لیا گیا ہے، جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ردعمل کی کامیابی عالمی سطح پر تسلیم کی جا رہی ہے۔






