
خلیج اردو
اسلام آباد – ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت پر جوابی کارروائی کو ناگزیر قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا اور بھارت کو اس کی جارحیت کا "ٹھوک کر” جواب دیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی ڈرونز سے لاہور کے دفاعی نظام یا پاکستانی فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، مگر اب وقت آ چکا ہے کہ بھارت کو سخت جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام سٹریٹیجک فیصلے ہو چکے ہیں، صرف وقت کا تعین عسکری ادارے کریں گے۔
وزیر دفاع نے بھارت کے ساتھ مکمل جنگ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا، لیکن بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی نے صورتحال کو سنگین مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ ان کے بقول، اب کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور پاک بھارت تنازع ایک بند گلی میں جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے مسلسل دروغ گوئی سے کام لے رہا ہے اور اپنے اقدامات کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا نام دے رہا ہے، جبکہ حقیقت میں بھارتی حملے سویلین آبادیوں پر کیے گئے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر امن کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، اور امریکا اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی قیادت کر رہا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق بھارت کی مسلسل جارحیت نے خطے کے امن کو سخت خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے طنزاً کہا کہ بھارتی رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کو بھی اس بات کا دھچکا لگا کہ جنہیں طیارے چلانے دیے گئے، وہ نہ صرف بزدل تھے بلکہ ان میں مہارت کا بھی فقدان تھا۔






