پاکستانی خبریں

بھارت کی ڈرون دراندازی ناکام، پاک فوج نے 29 بھارتی ڈرونز تباہ کر دیے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس

خلیج اردو
اسلام آباد – بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو پاک فوج نے مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے 29 ڈرونز مار گرائے ہیں۔ ان حملوں کے دوران راولپنڈی اور گھوٹکی میں تین شہری شہید جبکہ چار زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارتی ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانوالی، شیخوپورہ، گھوٹکی، چھور اور کراچی کے قریب گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے یہ تصور کیا جا رہا تھا کہ چھوٹے سائز کے ڈرونز ریڈار کی نظروں سے بچ جائیں گے، لیکن پاکستانی دفاعی نظام نے ان سب کو نشانہ بنایا۔ تمام گرائے گئے ڈرونز کا فرانزک معائنہ جاری ہے، جبکہ بھارتی میڈیا پر جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے لاہور میں فوجی تنصیبات کے قریب ڈرون گرایا، جس سے آلات کو معمولی نقصان پہنچا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ بھارت کی یہ حرکتیں شدید اشتعال انگیزی ہیں اور پاکستان ہر دراندازی کا موثر جواب دے رہا ہے۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’اگر پاکستان حملہ کرے گا تو دنیا کو نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائی دے گی‘‘۔ انہوں نے بھارت کے اس دعوے کو بھی جھوٹا قرار دیا کہ پاکستان نے بھارت میں میزائل داغے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اپنا فوجی سسٹم امرتسر میں نشانہ بنا، اور بھارت سنیمائی دنیا سے باہر آ کر حقیقت کو تسلیم کرے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، جبکہ سویلین آبادی پر حملے کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب یا کسی اور علاقے میں حملہ نہیں کیا۔ بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ محض ایک جھوٹ ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں 36 گھنٹے پہلے ہونے والے مقابلے میں اللہ نے ہمیں سرخرو کیا، ہماری فوج، ایئر فورس اور نیوی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ پاکستانی عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button