
خلیج اردو
اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس میں بھارتی ڈرون حملوں اور فضائی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے شہداء کا بدلہ لے گا اور بھارت کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اجلاس میں ملکی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی مصلحت یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کے حالات کے لیے مکمل تیار ہے اور پاک افواج دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے جارحیت کرکے سنگین اور فاش غلطی کی ہے، جس کا خمیازہ دشمن کو ضرور بھگتنا ہوگا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے بھارتی ڈرون اور جنگی طیارے مار گرائے ہیں، جو دشمن کو واضح پیغام ہے کہ ہماری سرحدوں کی حفاظت میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔






