
خلیج اردو
اسلام آباد: بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے وزارت داخلہ نے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ میں اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط پر مشتمل تمام قانونی امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئی شرائط سے نہ صرف جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے والوں کی روک تھام ممکن ہو گی بلکہ پیشہ ور بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کا سدباب بھی کیا جا سکے گا۔ انہوں نے ڈی پورٹ کیے گئے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے کے عمل پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیر داخلہ نے نئی نصب کی گئی چھ مشین ریڈی ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) اور دو ای-پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات جرمن ٹیم سے ملاقات بھی ہوئی جو مشینوں کی تنصیب کے لیے تعاون فراہم کر رہی ہے۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد ایک موبائل ایپلیکیشن بھی لانچ کی جائے گی جس کے ذریعے پاسپورٹ کے متعلق سہولیات تک آسان رسائی ممکن ہو گی۔






