پاکستانی خبریں

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ناکام، 700 ارب روپے آئی ٹی ایجوکیشن پر لگتے تو معیشت کو فائدہ ہوتا، حافظ نعیم

خلیج اردو
لاہور: 12 جون، 2025
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت اس بات کا ثبوت ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرامز اپنی افادیت کھو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے پروگرامز پر خرچ ہونے والے 700 ارب روپے آئی ٹی ایجوکیشن پر لگا دیے جاتے تو معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہو سکتا تھا۔

حافظ نعیم نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ڈالے گئے بوجھ پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 25 ہزار روپے ماہانہ تک تنخواہ لینے والوں پر ٹیکس کو ختم کیا جانا چاہیے، کیونکہ 499 ارب روپے کا بوجھ صرف اسی طبقے پر ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے جاگیردار طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کا یہ طبقہ ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں دیتا، جبکہ محنت کشوں اور تنخواہ دار افراد کو مسلسل قربانی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی اور عوامی فلاح کے لیے پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی، اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button