
خلیج اردو
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز تاریخ ساز تیزی دیکھی گئی، ہنڈریڈ انڈیکس میں 2 ہزار 941 پوائنٹس کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انڈیکس 1 لاکھ 15 ہزار، 1 لاکھ 16 ہزار اور 1 لاکھ 17 ہزار کی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 1 لاکھ 17 ہزار 94 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس تیزی کی بڑی وجہ امریکی صدر کی جانب سے عالمی سطح پر عائد کیے گئے ٹیرف کو تین ماہ کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ ہے، جس نے سرمایہ کاروں کو اعتماد دیا اور مارکیٹ میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔
کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ کی اس مثبت پیش رفت کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بین الاقوامی اور مقامی حالات سازگار رہے تو انڈیکس مزید بلندی کی طرف جا سکتا ہے۔






