پاکستانی خبریں

دو مرتبہ وزیراعلیٰ رہنے والے پرویز الہیٰ نامعلوم کیسے ہو سکتے ہیں، پرویز الہیٰ کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکیل کے دلائل

خلیج اردو
اسلام آباد:اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پرویز الہیٰ کو دو روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں دوران سماعت پولیس نے پرویز الٰہی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

وکیل صفائی سردار عبد الرازق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کے خلاف بہت ہی مضحکہ خیز مقدمہ بنایا ہے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا۔ وکیل نے لاہور ہائیکورٹ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کو اغوا کیا ہے،عدالت پرویز الٰہی کو ڈسچارج کرتی ہے، پولیس دوبارہ گرفتار کرلیتی ہے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ گرفتاری کے وقت وارنٹ بھی نہیں دکھائے، پاکستان میں قانون کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، عدالتیں اخری امید ہیں۔ مقدمہ میں نام نہیں۔ پرویز الٰہی دو بار وزیر اعلیٰ رہے، معروف سیاسی خاندان سے تعلق ہے، نامعلوم کیسے ہوسکتے؟ عدالتوں کو نہیں ماننا تو عدالتوں کو بند کردیں، تمام کیسز ختم ہوگئے، دل نہیں بھرا تو دہشتگردی کا مقدمہ درج کردیا۔

دوسرے وکیل علی بخاری نے کہا کہ پرویز الہٰی 24 گھنٹے سے پولیس حراست میں تھے کیا تفتیش کی گئی؟ ریمانڈ بھی کسی چیز کا دیں ،70 سال کا شخص دل میں تین سٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں یہ کیا کر سکتے ہیں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ قانون کے مطابق خود ہی مدعی اور قاضی نہیں ہوسکتے۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے دیگر مقدمے میں گرفتاری کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں دیا، ثبوتوں کو اکٹھا کرنا ہے، مخبر نے مدعی کو بتایاکہ پرویز الٰہی شامل تھے۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے پرویز الٰہی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پرویز الٰہی کی فیملی سے ملاقات کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی کو کسی بھی کیس میں گرفتار کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع بھی کر دی۔ جسٹس بابر ستار نے ایم پی او کے اختیار سے متعلق قانونی معاونت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد بطور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کس اختیار کے تحت ایم پی او آرڈرز جاری کر رہے ہیں ؟ وفاقی دارالحکومت کیسے چل رہا ہے؟ 1960 کے قانون کا استعمال اسلام آباد پرکیسے ہوگا ؟

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button