خلیج اردو
اسلام آباد:اٹارنی جنرل نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کےلئے دو سے تین دن کا وقت مانگ لیا ۔ منصور اعوان نے عدالت کو بتایا حکومت کام کر رہی ہے ، کچھ اور وقت چاہیے ہوگا ، عدالت نے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔
اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہائی کورٹ کا شکریہ ایک مغوی گھر پہنچ گیا ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے کچھ ملازمین بھی گھر پہنچ گئے۔لاپتہ فیضان واپس آگیا لیکن اسکی حالت بہتر نہیں ہے ، وہ گھر ہی ہے۔ اٹارنی جنرل منصور اعوان نے موقف اپنایا کہ ہم پوری کوشش اور تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے علم میں بھی معاملہ لایا گیا ہے اس کے بعد ایک لاپتہ کارکن واپس آگیا ہے۔ تھوڑا وقت ملے تو باقی بھی ہو جائے گا۔
اٹارنی جنرل نے مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ دو سے تین دن مزید دے دیں بہتر خبر آئے گی میں اسی لیے کوئی زور نہیں دے رہا نہ کوئی ہم ججمنٹ لے رہے ہیں۔ اس عدالت کی سپرٹ ہے اور اسکے مطابق سب کام ہورہا ہے ۔
چیف جسٹس نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے وقت مانگنے کی استدعا منظور کر لی۔ عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں اور نعیم احمد یاسین کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔
ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے ملازم فیضان کے واپس آجانے پر بازیابی درخواست نمٹا دی۔