خلیج اردو
اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ روابط کی پرانی عادت ہے، اور وہ اب بھی اس کو سیاسی معاملات میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی اے بی این نیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی وقت آنے پر جنرل باجوہ کے پاؤں پڑ گئے تھے، اور حالیہ برسوں میں امریکہ کے ساتھ پاکستان کے نارمل تعلقات کے باوجود پی ٹی آئی نے ان تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کبھی "ایبسلوٹلی ناٹ” اور کبھی "غلامی نامنظور” جیسے نعرے لگاتے ہیں، لیکن خیبرپختونخوا میں کرپشن کی کہانیاں مسلسل جاری ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان سے سرمایہ کاری لانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور معاشی اعشاریوں میں بہتری آ رہی ہے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی میں سچ بولنے والے افراد کو پارٹی سے نکال دیا جاتا ہے، جیسے شیر افضل مروت کو نکال دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی یہ سیاست ملک کے مفاد کے خلاف ہے اور اس میں حقیقت سے کم تعلق ہے۔






