پاکستانی خبریں

بھارت پہلے آزاد تحقیقات سے بھاگا اور اب میدان جنگ سے بھی بھاگنے پر مجبور ہو گیا ہے،عطا تارڑ

بھارت سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور، دشمن کی پوسٹیں تباہ، پاکستان نے صرف دفاع کیا: وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے ایل او سی پر پسپائی اختیار کرتے ہوئے سفید جھنڈے لہرا دیئے ہیں، جو اس کی شکست کی کھلی دلیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو کارروائی کا آغاز ہوا تھا کہ دشمن نے راہ فرار اختیار کر لی۔

انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر دشمن کی کئی پوسٹیں پاک فوج نے مؤثر کارروائی میں تباہ کر دی ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، مگر جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں کسی بھی قسم کے دہشت گرد کیمپ موجود نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی جارحیت میں پہل نہیں کی، مگر اپنے دفاع کا حق ضرور رکھتا ہے اور یہ حق ہم ہر قیمت پر استعمال کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان پر الزام لگا رہا ہے، مگر اس کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی بھارت ہے جو پہلے آزاد تحقیقات سے بھاگا اور اب میدان جنگ سے بھی بھاگنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ پاکستان کے مضبوط دفاع اور مؤثر حکمت عملی نے دشمن کو پسپا کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button