پاکستانی خبریں

بھارت 36 گھنٹوں میں کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، کسی بھی مہم جوئی پر بھرپور جواب دیا جائے گا: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

خلیج اردو
اسلام آباد، 29 اپریل 2025
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پختہ اطلاعات کی بنیاد پر انکشاف کیا ہے کہ بھارت اگلے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف ممکنہ کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کوئی بھی جارحانہ قدم اٹھایا تو پاکستان اس کا بھرپور، یقینی اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دہشت گردی کی ہر شکل کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور بھارت کے خود ساختہ مدعی، منصف اور جلاد بننے کے کردار کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی اقدامات خطے میں کشیدگی میں اضافہ کریں گے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر شفاف، آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے، اور اگر بھارت نے اس سانحے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو اس کا نتیجہ بھارت کے حق میں نہیں ہوگا۔

عطا اللہ تارڑ نے بھارت کو تنبیہ کی کہ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے انسانی اور معاشی نقصانات کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے عوامی جذبات کو بھڑکا کر فیصلہ سازی کرنا نہایت بدقسمت اور افسوسناک ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر متحد ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو بھارت کی اشتعال انگیزی کا فوری نوٹس لینا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا کو ممکنہ جنگ کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button