
خلیج اردو
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اہم پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 مقامات پر 24 حملے کیے، جن میں 26 معصوم پاکستانی شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔ احمد پور شرقیہ میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 13 شہری شہید ہوئے، جبکہ مریدکے کی مسجد عمردراز پر حملے میں 3 شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
سیالکوٹ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا جبکہ شکرگڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزی سے پانچ اور مظفرآباد میں تین شہری شہید ہوئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ عالمی قوانین مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتے لیکن بھارت نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مساجد کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈروپراجیکٹ کے اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے تین رافیل، ایک سخوئی اور ایک مگ 29 طیارہ مار گرایا اور بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تو 10 سے زائد بھارتی طیارے گرا سکتے تھے لیکن صرف ان طیاروں کو نشانہ بنایا جو پاکستان پر حملہ آور ہوئے۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا گیا جبکہ ایل او سی پر گفدار، ڈنا، چھتری سمیت متعدد بھارتی پوسٹیں تباہ ہوئیں۔ جولی پوسٹ اور بڈوری سیکٹر میں دشمن کے 50 سے زائد فوجی پوسٹیں خالی کر دی گئیں۔
مزید برآں، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 7 ڈرونز اور متعدد کواڈ کاپٹرز بھی مار گرائے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی 6 مہار یونٹس کے بٹالین ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کے تمام طیارے اور دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ بھارت نے جب یہ بزدلانہ کارروائی کی تو اس وقت پاکستان کی فضائی حدود میں بین الاقوامی اور ملکی پروازیں موجود تھیں، اس لیے یہ حملہ عالمی فضائی تحفظ کی بھی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے، لیکن اس کی یہ غلط فہمی بہت جلد دور کر دی جائے گی۔ لیپا، چکوٹھی، چڑی کوٹ سیکٹر اور چورا کمپلیکس پوسٹ پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔ بھارتی میڈیا نے بھی اپنے تین طیارے تباہ ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔






