
خلیج اردو
پشاور – خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کا پول خود بھارتی جنرل نے کھول دیا ہے، جس سے نریندر مودی کی قیادت میں قائم فاشسٹ حکومت کی بدنیتی بے نقاب ہو گئی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی جنرل کا حالیہ اعتراف دراصل مودی حکومت کے فاشزم کے منہ پر طمانچہ ہے، جو ان کارروائیوں کا دفاع کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے سویلین اور فوجی حکام خود ان جھوٹے اور گمراہ کن کارروائیوں کے گواہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے مودی سرکار کے جنگی جنون کو پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث پایا گیا ہے، جس کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔
بیرسٹر سیف نے خبردار کیا کہ بھارت کو کسی بھی جارحیت سے گریز کرنا چاہیے، ورنہ اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔






