خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستانیوں کے لیے مہنگائی اس سال بھی تئیس اعشاریہ چھ فیصد کی بلند ترین سطح پر برقرار رہے گی۔ معاشی ترقی بھی سست ٹریک پر رہے گی۔ آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔۔ بے روزگاری میں کمی کا امکان بھی ظاہر کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موجودہ مالی سال معاشی شرح نمو2.5 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے۔ حکومت نے اس سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.5 فیصد مقرر کر رکھا ہے۔ 2028 تک پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار 5فیصد تک پہنچ جائے گی۔
آوٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومت نے مہنگائی کا ہدف 21 فیصد مقرر کر رکھا ہے جو آئی ایم ایف کے مطابق23.6 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان میں اس سال بے روزگاری 8.5 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پر آنے کی نوید بھی سنائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کا 1.8 فیصد رہے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا اور روس یوکرائن جنگ کے اثرات کے باعث بین الاقوامی سطح پر معاشی ترقی سست اور غیر متوازن ہے۔ عالمی معاشی ترقی گزشتہ سال 3 فیصد تھی جو اس سال کم ہو کر 2.9 فیصد پرآ جائے گی۔