پاکستانی خبریں

پاک ایران سیکیورٹی تعاون پر اعلیٰ سطح کی مشاورت، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات

خلیج اردو
راولپنڈی: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جنرل ہیڈکوارٹر  میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتِ حال اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ایران سرحدی سیکیورٹی میکنزم کا جائزہ لیا اور دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ممالک ہیں جنہیں تاریخ، ثقافت اور مذہب کی گہری بنیادوں پر استوار تعلقات نے جوڑ رکھا ہے۔

دونوں فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے کے مسائل کے مثبت حل کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا اور خطے میں مثبت کردار پر اظہارِ تحسین کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button