
خلیج اردو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انجینئر محمد علی مرزا کے بیان سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو 4 دسمبر تک معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا ہے کہ اس مدت کے دوران اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کا حوالہ کسی بھی عدالتی فورم پر نہیں دیا جا سکے گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کس قانونی اتھارٹی کے تحت ایف آئی اے، پولیس یا دیگر اداروں کو اسلامی نظریاتی کونسل کسی معاملے پر رائے دے سکتی ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس بارے میں مکمل طور پر عدالت کو مطمئن کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 نومبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے، جس میں اس معاملے پر مزید قانونی وضاحت اور آئندہ سماعت کے لیے نکات بیان کیے گئے ہیں۔






