
خلیج اردو
غزہ – 21 مئی 2025
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں، جن میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی افواج نے جبری انخلا کے احکامات کے تحت غزہ کے تمام ہسپتالوں کو خالی کرا لیا ہے، جس سے انسانی بحران میں خوفناک اضافہ ہو گیا ہے۔
اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے ان کارروائیوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور امدادی سامان کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل کو واضح الفاظ میں راست اقدام کی دھمکی دی ہے، جب کہ چین سمیت دیگر ممالک نے بھی اسرائیل پر فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے نیتن یاہو کی پالیسیوں کو جنگی جرائم کے قریب قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ ٹام فلیچر نے خبردار کیا ہے کہ اگر امدادی سامان فوری طور پر غزہ نہ پہنچا تو اگلے 48 گھنٹوں میں 14 ہزار بچے ہلاک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کی شدید قلت کے باعث بچوں کا مدافعتی نظام تباہ ہو چکا ہے اور مائیں بھی بچوں کو دودھ پلانے کے قابل نہیں رہیں۔






