پاکستانی خبریں

ایران پر اسرائیلی حملہ، مولانا فضل الرحمان کی شدید مذمت، مسلم حکمرانوں سے اتحاد کی اپیل

خلیج اردو
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کھلم کھلا دہشت گردی پر اتر آیا ہے، اور اگر اسے لگام نہ دی گئی تو عالمی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کیلئے اب اقوام متحدہ یا جنرل اسمبلی جیسی عالمی تنظیمیں بے معنی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی اقدام کو صیہونیت کے ناپاک ارادوں کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونیت کا دامن انسانی خون سے رنگین ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ صیہونیت کے خلاف یک جان ہو کر کھڑی ہو، کیونکہ صرف باہمی اتحاد ہی اسرائیلی جارحیت کا جواب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں کو مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر مظلوم اقوام کے حق میں آواز بلند کرنا ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے ایران کے عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور جے یو آئی برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button