پاکستانی خبریں

خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر دہشتگرد حملہ، 3 بچے اور 2 سیکیورٹی اہلکار شہید، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا کوئٹہ کا دورہ

خلیج اردو
کوئٹہ – 21 مئی 2025
امن دشمنوں کا بزدلانہ وار، معصوم بچوں کو بھی نہ بخشا۔ بلوچستان کے ضلع خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے نشانہ بنایا۔ المناک حملے میں تین معصوم بچے اور دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 53 افراد زخمی ہوئے جن میں 39 بچے شامل ہیں، اور ان میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔

فتنہ الہندستان کے نام سے جانے جانے والے بھارتی ایجنڈے کے تحت نہتے اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جس پر قومی قیادت نے شدید ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا۔ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمی بچوں کی عیادت کی گئی اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر کوئٹہ کور نے انہیں واقعے کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس بزدلانہ حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گروہ جو نسلی شناخت کی آڑ میں دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں، نہ صرف بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہیں بلکہ بلوچ و پشتون اقوام کی روایات اور وقار کے منافی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی گھٹیا اور ناقابل قبول عمل ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس جرم میں ملوث ہر شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پوری قوم اپنی افواج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ جیسے بھارت کی کھلی جارحیت پر حالیہ دنوں میں مؤثر ردعمل دیا گیا، ویسے ہی اب بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button