پاکستانی خبریں

خیبر پختونخوا کا 12 رکنی وفد بیرسٹر سیف کی قیادت میں چین روانہ، پاک چین مذہبی و سیاسی تعلقات کے فروغ کا عزم

خلیج اردو
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد چین روانہ ہوگیا ہے۔ وفد میں صوبائی وزیر مذہبی امور عدنان قادری اور وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

بیرسٹر سیف نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ چینی وزارت خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جو کہ IRCRA کے تحت مذہبی سفارتکاری پروگرام کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان، چین اور دیگر مسلم ممالک کے مابین بین المذاہب ہم آہنگی اور سفارتی روابط کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام اپنی کامیابیوں کے باعث دنیا بھر میں ایک منفرد مقام حاصل کر چکا ہے۔ اس سال پہلی بار سیاسی و مذہبی رہنماؤں پر مشتمل مشترکہ وفد تشکیل دیا گیا ہے جو چین کے مختلف شہروں، خصوصاً سنکیانگ کے ارومچی اور کاشغر سمیت دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کرے گا۔

بیرسٹر سیف نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت دے گا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ دورے کے دوران وفد چینی حکام سے مختلف ملاقاتیں کرے گا جن میں مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تبادلے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امور زیر غور آئیں گے۔

انہوں نے چینی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو پاک چین تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button