
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے وفاق کو ضم شدہ اضلاع کے فنڈز کی منتقلی کے لیے لکھا گیا خط تاحال بے جواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا کا حصہ بن چکے ہیں، اس لیے ان کے فنڈز بھی صوبے کو منتقل کیے جائیں۔ بیرسٹر سیف کے مطابق فنڈز کی عدم منتقلی آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ضم شدہ اضلاع کی معاشی مضبوطی ناگزیر ہے، کیونکہ یہ مسئلہ صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وفاق نے فنڈز روک کر ضم اضلاع کی ترقی میں صوبائی حکومت کا ساتھ دینے سے گریز کیا ہے، حالانکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ان اضلاع پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری ضم اضلاع کی فوری ضروریات ہیں، جن کے لیے فنڈز کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔






