خلیج اردو
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم کو عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے خدشات دور کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔۔صدر کا کہنا ہے کہ لیول پلینگ فیلڈ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کیے جائیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط میں کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اور بنیادی حقوق کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے خدشات پر غور کیا جائے۔
صدر نے رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے لکھا گیا خط بھی نگران وزیراعظم کوبھیجا ہے۔ خط میں کہا گیا ہےکہ نگران حکومت کا تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنا بےحد اہم ہے، بنیادی حقوق اور لیول پلیئنگ فیلڈ پر پی ٹی آئی کے خدشات پر غور کیا جائے، آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی کے آپ کے بیانات باعث اطمینان ہیں۔
صدر کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر ، وزیراعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں، آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق جبکہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادی اظہار رائےکے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے، نگران وزیر اعظم اور حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ان معاملات پر غور کریں۔