خلیج اردو آن لائن:
پاکستان میں گیلپ کی جانب سے حال ہی میں کیے جانے والے سروے میں عمران خان حکومت کے پانچ سال پورے کرنےکے امکان کے بارے میں لوگوں سے رائے لی گئی۔ سروئے کے نتائج کے مطابق عوام کی ایک کثیر تعداد کا خیال ہے کہ عمران خان حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر جائے گی۔
گیلپ کے سروے کے اعداد و شمار کے مطابق 70 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال پورے کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ باقی 30 فیصد میں سے 20 فیصد کا خیال ہےکہ عمران خان حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر پائے گی۔ جبکہ باقی 10 فیصد کو یقین نہیں تھا۔
سروے میں شرکت کرنے والے افراد میں سے 48 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی حکومت کے پہلے تین سالوں کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ جبکہ 45 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ جبکہ باقی 7 فیصد افراد نے کوئی جواب نہیں دیا۔
سروے کے نتائج کےمطابق 69 فیصد پاکستانیوں نے کورونا وائرس وبا کو ہینڈل کرنے کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان میں 18 فیصد کا خیال تھا کہ اس ضمن میں حکومت کی کارکردگی بہت اچھی تھی۔ جبکہ 51 فیصد کا خیال تھا کہ حکومت کی کارکردگی محض اچھی تھی۔
جبکہ باقی 31 فیصد افراد میں سے 13 فیصد نے کورونا وبا کے حوالے سے حکومتی کارکردگی کو خراب قرار دیا۔ 9 فیصد نے کارکردگی کو بہت برا قرار دیا، 4 فیصد پتہ نہیں ہے کہ آپشن کا انتخاب کیا جب کہ 5 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔
کرپشن پر قابو پانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 48 فیصد کا کہنا تھا کہ حکومت کرپشن پر قابو پانے میں کامیاب رہی جبکہ 40 فیصد کا خیال تھا کہ حکومت اس میں ناکام رہی ہے۔
Source: Gulf Today






