
خلیج اردو
لاہور (اکتوبر 7) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ورکرز سے خطاب میں کہا ہے کہ وردی پہن کر آپ سب نے یہ پیغام دیا ہے کہ آپ مجھ سے ہیں اور میں آپ سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب میری ٹیم کا اہم ترین حصہ ہے، آپ سب نے گلی محلوں اور شہروں کو صاف کر کے سر فخر سے بلند کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب نے میرے خواب کو تکمیل تک پہنچایا ہے۔ سیلاب کے دوران ورکرز نے مثالی کردار ادا کیا، جن کی ذمہ داری نہیں تھی، انہوں نے بھی خدمت میں حصہ ڈالا۔ سیلاب کے وقت انسانی بند بنا کر پانی روکا اور متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، کسی نے بچے اٹھائے، کسی نے سازوسامان، سب نے خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب نے حکومت کے ساتھ مل کر مٹھی بن کر کام کیا، سیلاب کے بعد مٹی اور کیچڑ صاف کر کے علاقوں کو نیا روپ دیا۔ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی محبت نے میری آنکھوں میں آنسو لا دیے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کے خاتمے کے بعد صفائی کا نظام تباہ ہو گیا تھا، چار سالہ گوگی پنکی دور میں پنجاب گندگی کا ڈھیر بن گیا۔ اب پنجاب کے 38 شہروں میں ڈیڑھ لاکھ افراد صفائی پر مامور ہیں، 35 ہزار مشینری آئٹمز موجود ہیں، اور ہر ضلع کے پاس اپنی مشینری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگ کہتے ہیں ’’کوڑے والے نہیں، صفائی والے آگئے ہیں‘‘۔ ایک سال میں تمام اضلاع کا اپنا نظام قائم ہو چکا ہے۔ عید قربان پر جہاں پہلے ہفتوں تک الائشیں پڑی رہتی تھیں، اب دو گھنٹوں میں صفائی مکمل ہو جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب حکومت خود عوام کے دروازے پر خدمت کے لیے پہنچتی ہے، سیوریج لائنز اور بلاکیجز کی صفائی کے لیے جدید مشینری فراہم کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’میں ان کے دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہوں، پنجاب کی بات نہ کروں تو کون کرے گا؟ میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو بھی پنجاب کی طرح صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔







