
خلیج اردو
اسلام آباد: مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیریوں کا پانی ہے اور کوئی بھی اسے روکنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے دریائے جہلم میں پانی چھوڑا ہے، اور لائن آف کنٹرول پر حالات بہت خراب ہیں۔
مشعال ملک نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، اور حریت قیادت کے ساتھ بدترین سلوک کیا جا رہا ہے۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ حریت قیادت کو غیرقانونی طریقے سے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے اور نہتے کشمیریوں کے ہر گھر سے روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے مودی سرکار پر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں لوگوں کے گھروں کو مسمار کر رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وجبر کی داستانیں دنیا کے سامنے ہیں اور کشمیریوں کو بدترین طریقے سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔






