پاکستانی خبریں

مشی خان کا لابوبو گڑیا کے خلاف سخت ردعمل، ’نحوست اور بدصورتی کی علامت‘ قرار دے دیا

خلیج اردو
کراچی: اداکارہ مشی خان نے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ’لابوبو‘ گڑیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے نحوست اور بدصورتی کی علامت قرار دیا ہے۔ دنیا بھر میں مقبول ہونے والی یہ گڑیا اپنی منفرد شکل و صورت اور غیر روایتی ڈیزائن کے باعث خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، تاہم مشی خان نے اسے "شیطانی اثرات” سے جوڑتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں مشی خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں لابوبو گڑیا کے بڑھتے رجحان کو افسوسناک سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اس گڑیا کو فخر سے اپنے بیگز پر آویزاں کر رہے ہیں، حالانکہ اس کی ساخت، نوکیلے دانت اور عجیب تاثرات نہ صرف بدنما بلکہ نحس بھی ہیں۔

مشی خان نے خبردار کیا کہ اس طرح کی اشیاء "شیطانی اثرات کو دعوت” دے سکتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھیڑ چال کا حصہ بننے کے بجائے سمجھداری سے فیصلہ کریں اور ایسی اشیاء سے دور رہیں، کیونکہ یہ زندگی میں بدقسمتی لا سکتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی انہیں پیسے دے کر بھی یہ گڑیا بیگ پر لگانے کو کہے، تب بھی وہ انکار کریں گی۔ انہوں نے اسے ایک گمراہ کن چال قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ ایسے رجحانات سے خود کو دور رکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ لابوبو گڑیا خاص طور پر جنریشن زی اور جنریشن الفا میں بے حد مقبول ہو چکی ہے۔ نوجوان اس گڑیا کو دلچسپ، خوفناک یا پیاری قرار دیتے ہیں، اور اس کی خریداری کے لیے قطاروں میں لگتے ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ رجحان تیزی سے پھیل رہا ہے، اور مشہور شوبز شخصیات ہانیہ عامر، مایا علی اور جگن کاظم کو اس گڑیا کے ساتھ سوشل میڈیا پر دیکھا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button