
خلیج اردو
کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف حوالہ ہنڈی میں ملوث ہونے پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم جعلسازی کے ذریعے ہر ماہ تین سے چار لاکھ ڈالر کماتا تھا اور یہ رقم ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ڈیجیٹل کرنسی کی رقم سے قیمتی گاڑیاں خریدیں اور اپنے دو ملازمین کے نام پر بینک اکاؤنٹس بھی کھلوائے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے کال سینٹر سے امریکہ میں شہریوں کو کالز کی جاتی تھیں، جن کے ذریعے اہم معلومات حاصل کر کے ان سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقم وصول کی جاتی۔ یہ رقم فراڈ کے ذریعے ملزم ارمغان تک پہنچتی تھی۔
پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کے مالی معاملات کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔