خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پمز اسپتال میں اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہ مل سکی۔ عمران خان پمز اسپتال کے گیٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان شہباز گل کی عیادت کے لیے پمز ہسپتال پہنچے، تاہم انہیں شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس کے بعد وہ پمز اسپتال سے واپس روانہ ہوگئے۔
عمران خان کی اسپتال آمد سے قبل ہی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے اور وہ اسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ کے بیرونی احاطے میں شہباز گل سے ملاقات کے لیے انتظار کرتے رہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟ انہیں عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے، کل اسلام آباد میں شہباز گل کیلئے ریلی نکال رہا ہوں، سب لوگوں کو دعوت دیتا ہوں ریلی میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے، سارے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔
عمران خان کے اسپتال پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی عمران خان کے ہمراہ پمز اسپتال پہنچے تھے۔
پمز ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے کارڈیالوجی وارڈ کے باہر نعرے بازی بھی کی گئی۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف شہباز گل پر بیہمانہ تشدد کی مذمت کرتی ہے۔
مسٹر چوہدری نے کہا کہ ان پر جسمانی و ذہنی کیساتھ ساتھ جنسی تشدد کیا گیا، تشدد کسی بھی جماعت، فرد، طبقے کیلئے ناقابل قبول ہے اور یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی اس کی حمایت کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کیخلاف کل عمران خان کی قیادت میں چائنہ چوک سے ایف نائن پارک تک ریلی ہوگی۔ اس کے علاوہ کل پورے ملک میں شہباز گل پر تشدد اور صحافتی آزادی کا جیسے گلہ گھونٹا جا رہا ہے اس کے خلاف احتجاج ہوگا۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا "ملزم شہباز شبیر کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے ہسپتال میں سیکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہسپتال میں اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔