پاکستانی خبریں

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس، بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، پاک فوج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اہم اجلاس ہوا جس میں بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کیے گئے بزدلانہ اور غیرقانونی حملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز پر بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ بھارتی مسلح افواج نے بیک وقت میزائل، فضائی اور ڈرون حملے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے اور بہاولپور سمیت آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں کوٹلی اور مظفرآباد پر کیے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے، جب کہ مساجد سمیت شہری املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ بھارتی حملوں سے خلیجی ممالک کی کمرشل پروازوں کو بھی سنگین خطرہ لاحق ہوا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے ان حملوں کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی اقدام (Acts of War) کہا۔ کمیٹی نے کہا کہ شہریوں، خصوصاً بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے تمام اصولوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق بھارت کے ان دعووں کو بارہا مسترد کیا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپ موجود ہیں۔ 22 اپریل کو پاکستان نے غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، لیکن بھارت نے اس سے انکار کیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے 6 مئی کو ان مقامات کا دورہ بھی کیا جنہیں بھارت "دہشت گردوں کے کیمپ” کہتا رہا۔

وزیراعظم آفس نے واضح کیا کہ بھارت کے اس حملے کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔ پاک فوج نے بھارتی حملے کا بروقت اور بھرپور جواب دیا، جس میں پانچ بھارتی لڑاکا طیارے اور ڈرون تباہ کیے گئے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور وقت، مقام اور طریقہ کار کا تعین خود کرے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو مکمل جوابی کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ اجلاس میں قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی جرات و بہادری کو سراہا گیا۔

کمیٹی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر جوابدہ بنایا جائے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر عزت، خودمختاری اور اپنے عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button