
خلیج اردو
مظفرآباد: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال گولہ باری کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی جارحانہ روش کو دہرایا۔
اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کا 7 سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس شہید ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دشمن کی اندھی گولہ باری کے باعث پیش آیا، جس میں معصوم شہری نشانہ بنے۔
بھارتی جارحیت سے نہتے شہریوں، بالخصوص بچوں کی شہادت پر پوری قوم شدید دکھ اور غم میں مبتلا ہے، جبکہ افواج پاکستان ان قربانیوں کا بدلہ بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی سے لے رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا دشمن کے حیوانی چہرے کی عکاسی کرتا ہے، اور ایسی بربریت عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔





