
خلیج اردو: حکومت پاکستان نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں رکاوٹ کے بجائے اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائےگی اور مریم نواز سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں کو جلسوں میں شرکت کی اجازت دی جائےگی تاہم اپوزیشن کو کورونا سے متعلق ہدایات کو مدنظر رکھنے کا کہا جائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت سمجھتی ہےکہ اپوزیشن جلسے کرکےخود کو بے نقاب کرے گی کیونکہ وہ شہریوں کو گھروں سے باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہوپائےگی۔
دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ پر امن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں، سیاسی اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کی تحریک ہے جب کہ عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاؤ تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 16اکتوبر کو گوجرانولہ میں اپنے پہلے جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ دوسرا جلسہ 18 اکتوبر کو کراچی میں کرانے کااعلان کیا گیا ہے






