
خلیج اردو
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھارت کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت گھمنڈ اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے تصادم کا ماحول پیدا کر رہا ہے، جو کسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کو جنگ چاہیے تو پاکستان ہمہ وقت جنگ کے لیے تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ "محض بیوقوفی” ہو گی، جو دونوں ممالک کی باہمی تباہی کا راستہ ہے۔ ان کے مطابق جوہری جنگ "ناقابل تصور اور غیر معقول” خیال ہے، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی افواج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈیا بار بار جھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے جو اب عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں بالغ نظری کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر کسی واقعے میں پاکستانی شہری ملوث ہے تو بھارت ثبوت دے، پاکستان خود کارروائی کرے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں، مگر انڈیا کا موجودہ رویہ اس کی داخلی سیاست کا نتیجہ ہے اور وہاں کی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ انہوں نے پہلگام واقعے پر یک طرفہ الزامات اور بھارتی میڈیا کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔
میجر جنرل احمد شریف نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے اور اگر چاہتا تو مزید بھی گرا سکتا تھا، مگر قیادت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد 9 اور 10 مئی کی رات پاکستان نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں دفاعی تنصیبات کو محدود اور مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارت نے پیچھے ہٹتے ہوئے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے حملے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں اسکول کی بچیوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کریں گے۔ اس افسوسناک واقعے کی بنا پر فیلڈ مارشل کے اعزاز میں آج شام ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب انہی کی درخواست پر مؤخر کر دی گئی۔






