
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کی جنگی اشتعال انگیزیوں کے تناظر میں پاکستان نے واضح پیغام دے دیا— جنگی بخار اتارنے کے لیے پاک فوج کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں۔ سرحدی علاقوں سیالکوٹ، نارووال، ظفروال اور شکر گڑھ سمیت دیگر مقامات پر بھرپور جنگی مشقیں جاری ہیں، جن میں ٹینکوں، توپ خانے، انفنٹری اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔ افواج پاکستان کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ہر قیمت پر دفاع وطن کو یقینی بنایا جائے گا۔ مشقوں میں جوانوں نے اپنی جنگی مہارت اور قربانی کے جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ بھی پوری طرح مستعد ہے۔ جدید ترین لڑاکا طیاروں سے لیس پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔






