
خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کمانڈر شریف اللہ کو گرفتار کر لیا۔ مبینہ کمانڈر شریف اللہ، جو "جعفر” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، افغانستان اور پاکستان میں داعش کے ایک اہم گروہ کا رہنما تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دے کر پاکستان کی میڈیا چینلز نے بتایا ہے کہ شریف اللہ پر الزام ہے کہ اس نے 26 اگست 2021 کو کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی تھی۔ اس حملے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 سے زائد افغان شہری ہلاک ہوئے تھے۔
پاکستانی حکام نے اس دہشت گرد کی گرفتاری کے بارے میں امریکی حکام کو 10 روز پہلے آگاہ کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، شریف اللہ کی گرفتاری انسدادِ دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے اور اس سے خطے میں داعش کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کو بین الاقوامی سطح پر بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مزید کامیابیاں حاصل ہونے کی توقع ہے۔






