پاکستانی خبریں

پاکستان نے 5 بھارتی لڑاکا طیارے اور ایک مسلح ڈرون مار گرایا، دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ: ڈی جی آئی ایس پی آر

خلیج اردو
راولپنڈی:
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے اب تک بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک مسلح ڈرون مار گرائے ہیں، جبکہ لائن آف کنٹرول پر دشمن کے کئی ٹھکانوں کو بھی مؤثر کارروائی میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مار گرائے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک ایس یو-30 اور ایک مگ 29 شامل ہیں، جبکہ ہیرون مسلح ڈرون کو بھی تباہ کیا گیا۔ ان طیاروں کا ملبہ اونتی پور، بھٹنڈا، اکھنور اور سری نگر کے قریب دیکھا جاسکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ نے انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا اور تمام پاکستانی طیارے محفوظ رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاک آرمی نے لائن آف کنٹرول پر دشمن کے متعدد ٹھکانے نشانہ بنائے، جن میں بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹرز بھی شامل ہے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا رہی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ایک بار پھر اپنی بزدلانہ روش دہراتے ہوئے جنگی جارحیت کے دوران نہ صرف سویلین آبادی بلکہ مساجد، عبادت گاہوں اور صحت کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ احمد پور شرقیہ میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 13 شہری شہید ہوئے، جن میں دو تین سالہ بچیاں، سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔

مظفرآباد میں بھارتی گولہ باری سے تین افراد شہید اور دو زخمی ہوئے، جبکہ کوٹلی میں دو شہریوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مریدکے میں مسجد عمر دراز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں تین مرد شہید اور ایک زخمی ہوا۔ سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شکرگڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے اس حملے کا فوری اور بھرپور جواب دیا اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button