
خلیج اردو
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ایک بار پھر اپنی بزدلانہ روش دہراتے ہوئے جنگی جارحیت کے دوران نہ صرف سویلین آبادی بلکہ مساجد، عبادت گاہوں اور صحت کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ احمد پور شرقیہ میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 13 شہری شہید ہوئے، جن میں دو تین سالہ بچیاں، سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔
مظفرآباد میں بھارتی گولہ باری سے تین افراد شہید اور دو زخمی ہوئے، جبکہ کوٹلی میں دو شہریوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مریدکے میں مسجد عمر دراز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں تین مرد شہید اور ایک زخمی ہوا۔ سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شکرگڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے اس حملے کا فوری اور بھرپور جواب دیا اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔






