
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ ڈرون حملے ہماری لوکیشنز کو جانچنے کیلئے کیے گئے تھے اور ان کا مقصد براہ راست نقصان پہنچانا نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ نہیں ہے اور قوم کو مطمئن رہنا چاہیے، کیونکہ افواج پاکستان دشمن کو جواب دینے کیلئے 200 فیصد تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں قوم کو بتائیں گے کہ ہماری بہادر افواج کس طرح ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جس کے ساتھ پاکستان کے رابطے نہ ہوں۔ ایران، سعودی عرب، قطر اور چین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ایک ممالک نے ہلکی پھلکی حمایت کی ہے لیکن باقی یا تو ہمارے ساتھ کھڑے ہیں یا غیر جانبدار ہیں۔ بھارت کے قریبی حلیف بھی اس معاملے میں اس کے ساتھ کھڑے نظر نہیں آ رہے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ ہم نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے گرائے، جو کہ جنگی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہماری افواج کی جوابی کارروائی دن رات جاری ہے، جس کے باعث بھارتی عوام اور سیاستدانوں کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔ پوری قوم اپنی افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔






