
خلیج اردو
راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے 450 کلومیٹر رینج کے حامل ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کر کے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ تجربہ "مشق انڈس” کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد مسلح افواج کی عملی تیاری کا جائزہ لینا، میزائل کے اہم تکنیکی پہلوؤں کی جانچ، جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کو پرکھنا تھا۔
تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی اور پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی عملی تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔






