
خلیج اردو
اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی اے، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے سوشل میڈیا پر جامع مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے تاکہ جعلی خبریں پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں بیرون ملک سے چلنے والے یوٹیوب چینلز کو پاکستان میں بلاک کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے ایسے کئی یوٹیوب چینلز کی فہرست یوٹیوب انتظامیہ کو فراہم کر دی ہے جو مبینہ طور پر ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ میں ملوث پائے گئے۔
پی ٹی اے کی جانب سے بھی عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ریاست، فوج، عدلیہ یا دیگر قومی اداروں کی کردار کشی یا توہین پر مبنی مواد ہرگز شیئر نہ کریں۔ پی ٹی اے نے ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی ریاست مخالف مواد دیکھنے کی صورت میں فوری طور پر اسے بلاکنگ کے لیے رپورٹ کیا جائے، جب کہ ایسے مواد کی اطلاع ایف آئی اے کو بھی دی جا سکتی ہے تاکہ اس کی تفتیش اور قانونی کارروائی کی جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ قومی سلامتی اور ملکی استحکام کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچ سکے۔






