
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، قومی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے تنگ نظر عناصر ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں جناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کو کسی شخصیت سے منسوب کرنا غلط ہوگا، یہ نہ شہباز سپیڈ ہے نہ محسن نقوی سپیڈ، بلکہ یہ "پاکستان سپیڈ” ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ دوگنا کیا گیا، اور بلوچستان کا وہ ٹریک جس نے دو ہزار کے قریب جانیں نگلیں، اب ہائی وے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی ترقی دراصل ملک کی ترقی ہے، اور اگر کوئی علاقہ پیچھے رہ جائے تو یہ پورے ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج کا وژن یہی ہے کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلا جائے۔ ان کے مطابق بہترین کاوشوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے وعدہ کیا ہے کہ انڈر پاس منصوبہ 60 کے بجائے 35 دن میں مکمل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل مسجد چوک پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور اسلام آباد کو آنے والے دنوں میں مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔






