
خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان نے ورلڈ انڈر 23 سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ نوجوان کھلاڑی نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کے کریم الترکی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دی۔
میچ کے آغاز میں نور زمان کو دو سیٹوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے غیر معمولی کم بیک کرتے ہوئے بقیہ تین سیٹ جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ تاریخی جیت کے بعد نور زمان آبدیدہ ہو گئے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے آخری لمحے تک فائٹ کرنے کا تہیہ کر رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اللہ تعالیٰ نے مجھے میری محنت کا صلہ دیا، یہ جیت میرے ملک کے لیے ایک اعزاز ہے۔”
وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے نور زمان کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی۔ قائدین نے اپنے پیغامات میں کہا کہ نور زمان نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ان کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔







